ممبئی، 24؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی جارحیت اور ایک ہندوستانی جوان کی لاش کے ساتھ وحشیانہ سلوک کئے جانے کے معاملے پر شیوسینا نے آج مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سرجیکل اسٹرائیک کا کریڈٹ لینے والی حکومت کو اب سرحد پر اموات کو روک پانے میں اپنی ناکامی تسلیم کرلینی چاہیے ۔پارٹی کے ترجمان اخبار ’سامنا‘کے اداریے میں کہا گیاکہ نوٹ بند ی کے معاملہ میں، حکومت حب الوطنی کا روز نیا ثبوت دے رہی ہے، لیکن یہ سرحد پر پاکستان کی سرگرمیوں پر بات چیت کے لیے تیار نہیں ہے، حکومت ہندوستانی جوانوں کے مارے جانے اور سر کاٹے جانے کا بدلہ لے کر اپنی حب الوطنی کب دکھائے گی؟ اس نے کہا کہ سرجیکل اسٹرائیک کے بعد پاکستان کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور فوجیوں کی اموات کے اعداد و شمار دو گنے ہو گئے ہیں ۔شیوسینا نے اداریے میں کہا کہ وزیر دفاع منوہر پاریکر کے سخت الفاظ کے باوجود سرحد پر تین فوجی شہید ہو گئے۔این ڈی اے کی اہم اتحادی شیوسینا نے کہاکہ جب حکومت نے سرجیکل اسٹرائیک کا فائدہ لیا تو اسے اب اپنی ناکامیوں کا بھی تسلیم کرنا چاہیے ۔اداریہ میں کہاگیاہے کہ جب وزیر اعظم( مودی)نے نوٹ بند ی کے فیصلہ کے بعد پر ہر کسی کو سڑکوں پر لا کھڑا کیا ہے تو انہیں پاکستان کو کچلنے کے لیے ایک شام ایسا ہی فیصلہ لینے کی ضرورت ہے۔قابل ذکرہے کہ منگل کو مشتبہ پاکستانی دہشت گردوں کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے اس پار سے کئے گئے حملے میں 3 ہندوستانی فوجی شہید ہو گئے تھے، ان میں سے ایک کی لاش کے ساتھ وحشیانہ سلوک کیا گیا تھا، اس کے بعد ہندوستانی فوج نے شمالی کشمیر میں ایل او سی پر سخت جوابی کارروائی کی تھی ۔